پی ایس ایل: قومی ٹیم کی 22 مئی کو روانگی متوقع

پی ایس ایل

فوٹو: فائل


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز کے لیے قومی ٹیم کی 22 مئی کو ابوظہبی روانگی متوقع ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا انعقاد کورونا کے باعث ابوظہبی میں کرایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق کورونا ایس او پیز کے باعث تمام قومی کھلاڑی خصوصی پرواز کے ذریعے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہوں گے جبکہ اسپورٹس اسٹاف بھی خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ ہو گا۔

لیگ میں شرکت کے لیے غیرملکی کھلاڑیوں کو بھی 22 مئی سے یو اے ای پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ یو اے ای پہنچنے پر تمام کھلاڑیوں کے ایک ہی ہوٹل میں کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔

پی ایس ایل میچز ایک ہی وینیو پر ہونے کے باعث ڈبل ہیڈر میچ ڈے کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے۔ یو اے ای کرکٹ بورڈ کو اپنی حکومت سے اجازت درکار ہے جس کے بعد حتمی شیڈول جاری کیا جائے گا اور اگر اجازت نہ ملی تو کراچی کو بطور بیک اپ آپشن استعمال کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کا کراچی میں انعقاد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی اجازت سے مشروط کیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ پی سی بی لیگ کی منتقلی کے لیے تمام فیصلے این سی او سی کی ہدایت کے مطابق کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز یو اے ای منتقل کرنا پڑے تو پی سی بی اپنی تیاری کرے گا، کھلاڑیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی صحت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

ترجمان پی سی بی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی سی بی کورونا کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، وینیو کی تبدیلی کا حتمی فیصلہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں