عالمی برادری حرکت میں آئے اور اسرائیلی جارحیت رکوائے، وزیر خارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین میں جارحیت پر عالمی برادری فوری حرکت میں آئے اور اسرائیلی جارحیت رکوائے۔

اسرائیل کا غزہ کی 2 رہائشی عمارتوں پر فضائی حملہ، 33 افراد شہید

ہم نیوز کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر مسلم امہ کو یکجا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیرخارجہ غمزدہ پاکستانی عوام کی ترجمانی کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہشات کے مطابق دوٹوک مؤقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے فلسطینیوں کے لیے جو آواز بلند کی وہ ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں نہتے فلسطینیوں پر بدترین تشدد کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل طاقت کے استعمال کو فوری بند کرے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جارحیت کرنے والے اسرائیل اور مظلوم فلسطینیوں کو ایک صف میں نہ کھڑا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کرے گا۔

حماس کے راکٹ حملے: اسرائیلی کی سیاحتی صنعت کو شدید دھچکہ

ہم نیوز کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہو نے کہا کہ اسرائیل کو انسانیت کے خلاف جرائم کرنے سے روکا جائے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں میڈیا ہاؤسز کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف مسلم امہ کا اتحاد وقت کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ مشکل وقت میں فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں سیز فائر ہماری ترجیح ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جس طرح میڈیا ہاوسز کو نشانہ بنایا گیا وہ اس ناکام آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں سچائی کو لوگوں کی نظروں سے اوجھل کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج شام کو امریکی سیکریٹری خارجہ سے بات ہوگی جب کہ چینی وزیرخارجہ سے کل میری بات چیت ہوئی تھی۔

اسرائیل کی فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہید افراد کی تعداد 181 تک پہنچ گئی ہے۔

پوپ فرانسس بھی اسرائیلی جارحیت کیخلاف بول پڑے

عالمی برادری کی جانب سے بھرپور احتجاج کے بعد بھی اسرائیلی حکومت کی جارحانہ کارروائیاں جاری ہیں، غزہ میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیل کی فضائی بمباری سے مزید 8 معصوم بچوں سمیت 13 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جس کے بعد شہدا کی تعداد 181 تک جاپہنچی ہے جب کہ حماس کی جوابی کارروائی میں اسرائیل کے 10 شہری بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔


متعلقہ خبریں