کسی سے ذاتی مسئلہ نہیں، قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑا جا سکتا، وزیراعظم

عام آدمی کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا کسی سے ذاتی مسئلہ نہیں لیکن قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑا جا سکتا۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ بات اپنے زیرصدارت حکومتی رہنماوَں اور ترجمانوں کے اجلاس کے دوران کہی جس میںشہباز شریف کیس میں دائر اپیل پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ  قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، ہماری 25 سالہ سیاسی جدوجہد انصاف اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے، احتساب کا عمل اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

اجلاس میں ملکی معاشی صورت حال پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ کورونا وباء کے باوجود ہمارے معاشی اعشاریے مثبت ہیں۔

ذرائع کے مطابق معاشی ٹیم نے اجلاس کو بتایا کہ برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اس وقت مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں مہنگائی دیگر ممالک کی نسبت کم ہے، خطے میں سب سے کم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے ہر ممکن انتظامی اور پالیسی فیصلے کررہی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مثبت معاشی اعشاریوں کے فائدہ براہ راست عوام کو ملنا چاہیئے اور آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں اسرائیلی بربریت کے خلاف ملک بھر میں سرکاری سطح پر یوم احتجاج منانے کی تجویز دی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جمعے کو سرکاری طور پر یوم احتجاج منانے کے لیے تیاری کی جائے۔


متعلقہ خبریں