چین کا امریکہ سے اسرائیلی حملے رکوانے کا مطالبہ

چین کا امریکہ سے اسرائیلی حملے رکوانے کا مطالبہ

بیجنگ: چین نے امریکہ سے اسرائیلی حملوں کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے مابین اس وقت 2014 کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا تنازع پیدا ہوا ہے جس کے حل کے لیے امریکہ کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تحمل سے کام لیتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف تشدد، دھمکیوں اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ بند کرنا چاہیئے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ فلسطین میں متاثرین کو امداد کی اشد ضرورت ہے اور انسانی ہمدردی کے تحت تمام ممالک مل کر فلسطینی عوام کے دکھوں کا مداوا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ کی اسرائیل سے محبت: سلامتی کونسل کا مشترکہ بیان پھر رکوادیا

ترجمان نے فلسطین کے لیے کی گئی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین نے سلامتی کونسل میں 2 بار مشاورت کی جس کا مسودہ بھی تیار ہے جس کی بنیاد پر وزیر خارجہ وانگ ای نے 16 مئی کو سلامتی کونسل میں کھل کر اظہار خیال کیا اور 2 ریاستی حل بھی پیش کیا۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے سے غزہ پر اسرائیل کے مسلسل بمباری کے نتیجے میں 200 سے زائد فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں