امریکہ سے بھی فلسطین کے حق میں آوازیں اٹھ رہی ہیں، شاہ محمود قریشی

بھارتی معیشت غلط پالیسیوں کی وجہ سے سکڑ گئی ہے، وزیر خارجہ

فائل فوٹو


تہران: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ سے بھی فلسطین کے حق میں آوازیں اٹھ رہی ہیں.

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے حوالے سے جاری سفارتی کاوشوں سے متعلق بیان میں کہا کہ کوشش ہے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں او آئی سی پلیٹ فارم کومؤثر انداز میں استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش اور کوشش ہے اس مسئلے پر امہ یکجا ہو۔ آج میں ترک اور فلسطین کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ نیویارک روانہ ہو رہا ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سوڈانی وزیر خارجہ بھی ہمارے ساتھ نیویارک روانہ ہوں گی اور 20 تاریخ بروز جمعرات کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک میں مقیم 6 کروڑ مسلمانوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنی اپنی حکومتوں پر دباؤ ڈالیں اور آج بیشتر یورپی ممالک کے دارالحکومتوں میں بڑے بڑے مظاہرے ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پر25منٹ میں122بم حملے

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نے بھی سیز فائرکا مطالبہ کر دیا ہے اور سلامتی کونسل میں فلسطین کے معاملے پر یکجہتی کی کاوشوں کو امریکہ نے ویٹو کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ آج امریکہ کے اندر سے فلسطین کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں اور فلسطین سے متعلق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کردار قابل ستائش ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اردن اور مصر بھی سیز فائر کے لیے متحرک دکھائی دیتےہیں اور آج  فلسطین کے وزیر خارجہ ہمارے ہمراہ ہوں گے۔


متعلقہ خبریں