کراچی: ضلع وسطی کے 4 مختلف ٹاؤنز میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

سندھ بھر میں لاک ڈاؤن، ٹرانسپورٹ نہ ہونے سے عوام کو مشکلات

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کراچی کے ضلع وسطی کے 4 مختلف ٹاؤنز کے علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گلبرگ، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد اور نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ کردیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 2 جون تک اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ رہے گا۔ متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں ایس او پیز کے مطابق ہوں گی۔ متاثرہ علاقوں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 24 مئی سے تعلیمی ادارے، ریسٹورنٹس اور سیاحت کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جون سے شادی ہالز کو آؤٹ ڈور تقریبات کی اجازت ہو گی جس میں 150 افراد حصہ لے سکیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 جون سے تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔ 5 فیصد سے کم کورونا کیسز والے اضلاع میں تعلیمی ادارے 24 مئی سے کھولے جائیں گے۔

این سی او سی کے مطابق یکم جون سے کھولے جانے والے شعبوں کا حتمی جائزہ 27 مئی کو لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: وزیر تعلیم پنجاب کا اسکولوں کی بندش سے متعلق اہم بیان

اس کے علاوہ مزار، سینما گھر، ریسٹورنٹس کے اندر بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندیاں ہو گی جب کہ اسپورٹس، میلوں اور ثقافتی تقریبات پر بھی پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی۔

این سی او سی کے مطابق ان ڈور اور آؤٹ ڈور موسیقی، ثقافتی اور مذہبی تقریبات پر مکمل پابندی رہے گی۔ ہفتہ اور اتوار کو صوبوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کی پابندی بھی جاری رہے گی۔

مزید یہ کہ ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ  چل سکے گی جب کہ ٹرینیں 70 فیصد گنجائش کے ساتھ چلتی رہیں گی۔

این سی او سی نے دکانیں رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت دی ہے جب کہ  مارکیٹیں ہفتے میں 2 دن بند رہیں گی۔

اس کے علاوہ ماسک پہننے کی پابندی نافذ رہے گی۔ گڈانی اور مصری شاہ انڈسٹریز 20 مئی سے کام کا آغاز کریں گی۔ یکم جون سے ایمرجنسی کے علاوہ دیگر آپریشنز کا بھی آغاز کردیا جائے گا۔

این سی او سی کے مطابق میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 20 جون کے بعد ہوں گے جب کہ دیگر تمام امتحانات کرانے کا فیصلہ وزارت تعلیم کرے گی۔
فیصلوں کا دوبارہ جائزہ 27 مئی اور 7 جون لیا جائے گا۔

مزید یہ کہ تمام سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملے کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔

اس کے علاوہ  بھارت ،ایران اور افغانستان کے ساتھ ملکی سرحدیں تاحکم ثانی بند رہیں گی


متعلقہ خبریں