نواز شریف کی جائیداد نیلام، چودھری بوٹا نے خریدلی


اسلام آباد کی احتساب عدالت کے حکم پر سابق وزیراعظم نوازشریف کی شیخوپورہ میں واقع  جائیداد کی نیلامی کردی گئی۔ نیلامی شیخوپورہ کے میونسپل آفس میں ہوئی۔

ہم نیوز کے مطابق نوازشریف کی قصبہ فیروزوٹواں میں واقع 88 کینال اراضی ایک کروڑ ایک لاکھ روپے فی ایکڑ میں نیلام کی گئی۔ چودھری بوٹا ورک نے نوازشریف کی 88 کنال اراضی خریدلی۔

اس سے قبل محمد بوٹا نے ڈیپازٹ جمع کروا دیا تھا۔ بولی دہندہ بوٹا ورک نے کہا تھا کہ ایک اچھا اقدام ہے، بولی میں حصہ لینا چاہیے۔

اراضی کی خریداری کے لیے ایک اور امیدوار نے کال ڈیپازٹ جمع کرایا تھا۔ شہری  سرفراز احمد نے 10 لاکھ روپے کا کال ڈیپازٹ جمع کرایا تھا۔ تیسرے امیدوار خرم شہزاد ورک نے بھی کال ڈیپازٹ جمع کروایا تھا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی جائیداد نیلامی رکوانے کی درخواستیں مسترد

یاد رہے کہ 11 جون 2020 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں اور تحائف وصول کرنے سے متعلق ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

بعد ازاں یکم اکتوبر 2020 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیدادیں اور اثاثے قرق کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل ڈی سی شیخوپورہ کی جانب سے بولی کیلئے تاریخ مقررکرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزاراشرف ملک نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے شیخوپورہ کی 88 کنال اراضی نوازشریف سے خریدی تھی اور اس کی نیلامی نہیں ہوسکتی ہے۔

درخواست گزار نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حوالے سے نوازشریف کو 75 ملین روپے کی ادائیگی بھی کی جاچکی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق نوازشریف کی گرفتاری کے باعث سیل ڈیڈ پرعملدرآمد نہ ہوسکا تھا اور سیل ڈیڈ پرعملدرآمد کیلئے سول کورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں