پی ایس ایل6:بقیہ مقابلے ابوظہبی میں کرانےکی منظوری مل گئی



پاکستان کرکٹ بورڈ کو پی ایس ایل6 کےبقیہ میچزابوظہبی میں کروانے کی منظوری مل گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ  پی سی بی اور فرنچائزمالکان کےدرمیان آن لائن اجلاس کے بعد انتظامات کوحتمی شکل دی جائے گی۔

آن لائن اجلاس آج ہوگا جس میں تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹوپی سی بی کا کہنا ہے کہ ابوظہبی میں ایونٹ کےانعقاد کےسلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ ہم اب ایونٹ کےانعقاد کیلئےمکمل طور پرتیار ہیں۔ بقیہ میچزابتدائی طور پر یکم جون2021 سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جو20 جون تک جاری رہنے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اب وقت بہت کم ہے اور تیاریاں ابھی باقی ہیں تو تاریخ میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ آج ہونے والے اجلاس میں لیگ کے بقیہ20 میچز کیلئے شیڈول اور کورونا پروٹوکول کو حتمی شکل دی جائے گی۔

خیال رہے کہ مارچ2021 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن6 کو 7 کورونا کیسز کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

اب تک ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس کے بعد اس وقت کراچی کنگز اور پشاور زلمی پانچ پانچ میچ کھیلنے کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بھی چار چار میچ کھیلنے کے بعد چھ چھ پوائنٹس ہیں اور ان کی بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن ہے۔


متعلقہ خبریں