مشتاق احمد ویسٹ انڈیز کے باؤلنگ کوچ مقرر


لاہور: ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سابق پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد کی بطور باؤلنگ کوچ خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مشتاق احمد رواں ماہ عارضی طور پر ویسٹ انڈین اسکواڈ سے منسلک ہوں گے تاہم بعد میں ان کا عہدہ طویل المدت یا مستقل حیثیت میں بدل سکتا ہے۔

مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز سے کم نہیں، یہ وہ ٹیم ہے جو دنیائے کرکٹ میں حکمرانی کی طویل تاریخ رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے اس حصے میں نہایت منفرد صلاحتیں رکھنے والے لوگ موجود ہیں اور وہ ان کے ساتھ  کام کرنے کے لیے خاصے پرجوش ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے باؤلنگ کوچ کی پیشکش آنے سے قبل بھی مشتاق احمد کو سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے منتخب امیدواروں میں شامل کیا جا چکا تھا۔

47 سالہ مشاق احمد پاکستان کرکٹ اکیڈمی کے اسپن کوچ کی حثیثت سے کام کرچکے ہیں۔

مشتاق احمد کا شمار دنیا کے تین بہترین اسپنرز میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے کامیاب کیریئر میں پاکستان کے لیے 200 بین لااقوامی میچز اور 1990 سے 2003 کے دوران 52 ٹیسٹ میچز کھیلے۔


متعلقہ خبریں