پولیس نظام میں بہتری، چیف جسٹس نے 15 روز میں تجاویز طلب کر لیں


اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان نے پولیس نظام میں بہتری کے لیے 15 روز میں تجاویز طلب کر لیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے یہ احکامات پولیس کے تفتیشی نظام کی بہتری کے لیے سپریم کورٹ میں ہونے والے اجلاس کے دوران اپنے ریمارکس میں دیے۔

چیف جسٹس کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ریٹائر آئی جیز پولیس، سید مسعود شاہ ، طارق پرویز، شوکت جاوید، افضل علی شگری، طارق کھوسہ، افتخار احمد، شعیب سڈل، فیاض طور کے علاوہ آئی جی پنجاب عارف نواز، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ، آئی جی کے پی کے صلاح الدین، آئی جی بلوچستان معظم جاہ اور آئی جی اسلام آباد اعظم تیموری نے اجلاس میں شرکت کی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے فوجداری مقدمات میں پولیس کی ناقص تفتیش کا نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تا کہ عدالتوں میں مقدمات کی درست چھان بین ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے شرکا اس معاملے پر غور کے بعد تجاویز دیں کہ نظام کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔

چیف جسٹس نے سابق آئی جی افضل شگری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرتے ہوئے 15 روز میں ضابطہ کار بنا کر دینے کی ہدایت کر دی۔


متعلقہ خبریں