پی ٹی آئی سے تصادم، پیپلز پارٹی نے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

فائل فوٹو


کراچی: پیپلزپارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے کل کے واقعے کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر ڈالتے ہوئے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل بلاول ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے جلسے کا اعلان 12 مئی کو ایم کیو ایم کے ہاتھوں شہید ہونے والے کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے  کیا تھا، 2007 میں پی ٹی آئی تانگہ پارٹی تھی اور عمران خان پرویز مشرف کے اتحادی تھے، ان کا 12 مئی کے سانحے سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کا پی پی پی کے خلاف گٹھ جوڑ ہے اور دونوں جماعتوں نے مل کر ہنگامہ آرائی کا منصوبہ بنایا۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے زخمی کارکنوں کی تعداد 25 ہے، پی ٹی آئی  سوشل میڈیا پر پی پی پی کے زخمی کارکنوں کی تصاویر لگا رہی ہے، علی زیدی کے دونوں گارڈز نے ہوائی فائرنگ ان کے حکم پرکی۔

اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اب وہ 12 مئی کو باغ قائد کراچی میں جلسہ کریں گے، پی ٹی آئی اور ایم کیوایم  کو کھلا چیلنج ہے مل کر جلسہ کرلیں، پیپلزپارٹی کا جلسہ ان سے بڑا ہوگا۔

سعید غنی نے کہا کہ وسیم اختر جب میئر کراچی بنے تو پی ٹی آئی نے انہیں ووٹ دیا تھا، اس وقت بھی متحدہ قومی موومنٹ کے کچھ نمائندے تحریک انصاف میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔

رکن سندھ اسمبلی جاوید ناگوری نے کہا کہ کل 12 مئی کا واقعہ دہرانے کی سازش کی گئی، ہمارے ورکرز لاٹھیاں اور ڈنڈے کھا کر بھی پرامن رہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ واقعہ ایم کیو ایم کی سازش تھی جبکہ پی ٹی آئی نے بی ٹیم کا کردارادا کیا، کل عمارتوں سے بھی فائرنگ کی گئی۔

 


متعلقہ خبریں