وقت آگیا ہے اب اسرائیل کو کہا جائے کہ بس کرو، شاہ محمود قریشی


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ ایک ہفتے سے اسرائیل فلسطینیوں پر حملے کررہا ہے۔ آج اقوام عالم ایک اہم نقطے پر کھڑی ہیں، اسرائیل نےمعصوم فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کررکھی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے 50 ہزار فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ میں اشیائے خوردنوش کی شدید قلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بربریت کی وجہ سے درجنوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔ سلامتی کونسل کی جانب سے ذمہ داریوں میں غفلت کا ارتکاب قابل افسوس ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ آج ہم انسانی ہمدردی کے ناطے کچھ کرتے ہیں یا نہیں کرتے تاریخ کا حصہ ہوگا۔ غزہ میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی اشیا بھجوانے کا انتظام کیا جائے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

فلسطین کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں شہری آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ غزہ میں شہریوں خاص کر بچوں کی ہلاکت تشویشناک ہے۔ غزہ کے بچے جنگ کی بھارتی قیمت ادا کررہے ہیں۔ فریقین شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔

مزید پڑھیں: غزہ: حماس کو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں جنگ بندی کی امید

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری کشیدگی کو روکنا ہوگا۔ دونوں اطراف سے سیزفائرہونا چاہیے۔ اسرائیل اور فلسطین تنازع کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ غزہ میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس اسرائیلی بمباری سے متعدد اسپتال تباہ ہوگئے ہیں۔ ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔ پناہ گزین کیمپ پرحملے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد شہید ہوئے ہیں۔ غزہ میں میڈیا کی عمارت تباہ کرنے پرتشویش ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کررکھی ہے۔ معصوم اور نہتے فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

فلسطینی وزیرخارجہ نے کہا کہ مسجد الاقصیٰ میں نہتے نمازیوں پر یلغار کی گئی۔ فلسطین پر جاری اسرائیلی بربریت فوری ختم کرائی جائے۔
اسرائیل اپنے بہیمانہ جرائم پر دنیا سے معافی تک نہیں مانگ رہا ہے۔

اردنی وزیرخارجہ ایمن صفادی نے کہا کہ اسرائیل کے غزہ حملے میں درجنوں معصوم بچے اور خواتین کو شہید کیا گیا۔ اسرائلی جارحیت سے غزہ میں ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔

اردنی وزیرخارجہ نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ عالمی امداد کے منتظر ہیں۔ اقوام متحدہ اسرائیل پر عالمی چارٹر کی پاسداری کیلئے دباو ڈالے۔ اسرائیل غزہ پر جاری جارحیت ختم کرتے ہوئے جنگ بند کرے۔ شیخ جراح کے علاقے سے فلسطینی عوام کی زبردستی بے دخلی جنگی جرم ہے۔


متعلقہ خبریں