کراچی کو نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی


کراچی: کراچی میں بجلی کے بریک ڈاون کے بعد صورت حال بہتر ہونے لگی، کراچی کو نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔

ترجمان ترجمان نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ڈی ڈی سی) کے مطابق کراچی الیکٹرک کو 400 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

ترجمان این ڈی ڈی سی کے مطابق ٹرپنگ سے پہلے 1100 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔ بتدریج بجلی کی فراہمی کو بڑھایا جا رہا ہے

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ کراچی میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے۔ نارتھ کراچی ، نیو کراچی اور نارتھ ناظم آباد کے کچھ علاقوں کو بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق اولڈ صدر، پی سی سی ایچ ایس، کھارادر اور لیاری کے علاقوں میں بجلی بحال کرنے کے لئے کام جاری ہے۔ڈیفنس، نیپا، سول لائنز کے علاقوں میں بجلی بحال ہو چکی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ون، ملیر ماڈل کالونی، لیاری، کھارادر، نیا آباد، کھڈا مارکیٹ میں بجلی معطل ہو گئی۔ اس کے علاوہ گلستان جوہر، موسمیات اسکیم 33، لیاقت آباد سی ون ایریا، گلستان جوہر بلاک 14، 18 ، 19، سر سید ٹاؤن ، ڈی ایچ اے، نارتھ کراچی اور اطراف میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی تھی۔

کراچی کے علاقوں شاہ فیصل کالونی، ہائی وے، ٹیچرز سوسائٹی، رفاہ عام، گلبرگ، نیو کراچی، کلفٹن بلاک 5، صدر، ایم اے جناح روڈ، موبائل مارکیٹ، الیکٹرانک مارکیٹ اور ہائی کورٹ میں بھی بجلی کئی گھنٹے سے معطل رہی تھی۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی لائن میں خرابی ہوئی ہے اور نیشنل گرڈ اسٹیشن سے آنے والی ہائی ٹینشن لائن جامشورو سے ٹرپ کر گئی جس کی وجہ سے 45 گرڈ اسٹیشن بھی ٹرپ ہوچکے ہیں جس کے باعث سسٹم میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آن لائن کاروبار کے نام پر کروڑوں روپے لوٹنے والا ملزم گرفتار

ترجمان نے بتایا تھا کہ بجلی کی بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ایک گھنٹے تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں ترجمان وزارت توانائی کا کہنا تھا کہ کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی لائن میں ٹرپنگ ہوئی جس کی وجہ سے بجلی فراہمی متاثر ہوئی ہے تاہم ملک میں بجلی کا پورا سسٹم اس وقت بالکل نارمل ہے جبکہ این ٹی ڈی سی اور کے الیکٹرک کے اہلکار بجلی بحالی میں مصروف ہیں اور ٹرپنگ کی وجوہات کا بھی پتا چلایا جا رہا ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں