پی پی کی پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت پرشاہدخاقان عباسی کےتحفظات


مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہدخاقان عباسی نے پاکستان پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں شمولیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دوبارہ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنی تو پی ڈی ایم نیا سیکریٹری جنرل ڈھونڈ لے۔ اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے پی ڈی ایم میں شامل ہونا ہے تو اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ پی ڈی ایم کے دروازے بند ہیں پہلے اعتماد بحا ل کریں پھر آجائیں۔ جو کاغذ پھاڑے تھے جوڑ کر پڑھیں اور وضاحت دیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے معاملے پر تحفظات برقرار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی کو شمولیت کی کوئی دعوت نہیں دی۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دینے کی تردید کی ہے۔

انہوں نے کہا عشائیے میں پی ڈی ایم سے متعلق امور زیر غور نہیں آئے، نہ ہی اس حوالے سے کوئی پیشکش یا تجویز دی گئی۔ شہبازشریف نے اپوزیشن پر پارلیمان کے اندر متحد ہوکر بجٹ سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔

خیال رہے گزشتہ روز شہباز شریف نے اپوزیشن پارٹیوں کو عشائیہ دیا تھا جس میں پیپلزپارٹی اور اے این پی  رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی۔

ذرائع نے خبر دی تھی کہ شہباز شریف نے پاکستان پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی پی اور اے این پی کے عشائیے میں موجود وفود نے اس سلسلے میں میاں شہباز شریف سے وقت مانگ لیا ہے تاکہ وہ سوچ و بچار کرسکیں اور پارٹی میں مشاورت بھی ہو سکے۔


متعلقہ خبریں