موجودہ حکومت میں نیب کی کارکردگی بہترین رہی، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی بہترین رہی۔

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ موجودہ حکومت میں نیب کی کارکردگی بہترین رہی اور نیب نے 2018 سے 2020 تک 484 ارب روپے کی لوٹی دولت برآمد کی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مجرموں کی پشت پناہی نہیں کرتی اور نیب احتساب کے لیے مکمل طور پر آزاد ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کی 10 سال کی حکومت میں اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی کارکردگی میں واضح فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے گزشتہ 31 ماہ میں 220 ارب روپے برآمد کیے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی 10 سالہ کارکردگی مایوس کن رہی۔ پی ٹی آئی حکومت میں 192 ارب روپے کی سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 10 سال میں دو ارب 60 کروڑ روپے کی زمین واگزار کروائی۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے 2 ارب 35 کروڑ روپے برآمد کیے اس کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے 10 سال میں 43 کروڑ روپے برآمد کیے گئے۔


متعلقہ خبریں