رقیب سے کی آخری قسط، پیچیدہ کہانی آج سلجھےگی


ہم ٹی وی  کے ڈرامہ سیریل رقیب سے کی آخری قسط آج شب آٹھ  بجے صرف ہم ٹی وی پر نشر کی جائے گی جس میں پیچیدہ کہانی کی گتھی سلجھےگی۔

مقصود صاحب، سکینہ، ہاجرہ اور امیراں کی زندگی کیا روپ لے گی اس کا فیصلہ ہوگا۔ ہم ٹی وی کا ڈرامہ اپنے جذبات سے بھری رشتوں کی کہانی اور جاندار اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں گھر کرنے میں کامیاب رہا۔

پاکستان کی ٹی وی اسکرین پر ایک عرصے بعد ایسا ڈرامہ دیکھنے کو ملا، جو اپنی کہانی اور کرداروں کے اعتبار سے بالکل مختلف نوعیت کا تھا۔

مومنہ اینڈ درید (ایم ڈی) پروڈکشنز کی پیشکش ’رقیب سے‘ میں پاکستانی ٹیلی ویژن کے نامور اداکار نعمان اعجاز، ثانیہ سعید اور اقرا عزیز نےاداکاری کے جوہر دکھائے۔

حدیقہ کیانی نے پہلی بار اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور سکینہ کے کردار میں ایسی جان ڈالی کہ اپنے ساتھ ناظرین کو بھی رونے پر مجبور کر دیا۔

ایم ڈی پروڈکشنز کی پیشکش ’رقیب سے‘ کا ساؤنڈ ٹریک حدیقہ کیانی نے گایا اور کمپوز کیا ہے۔ جبکہ بول ان کی والدہ نے تحریر کیے۔

حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ رقیب سے میں ہر کردار اپنی جگہ مضبوط اور حقیقی زندگی کے اس قدر قریب تھا کہ میں چاہتی بھی تو اس آفر کو رد نہیں کر سکتی تھی۔

پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان بھی ، رقیب سے ، کے مداحوں میں شامل ہیں انہوں نے ٹوئٹ میں رقیب سے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ڈرامہ روح کو چھولیتا ہے۔

اداکارہ نے ہدایتکار کاشف نثار اور مصنفہ بی گل سمیت ڈرامے کی تمام کاسٹ کو ان کی بہترین اداکاری پر داد دی۔


متعلقہ خبریں