بلاول نے مریم نواز کو ٹھکرا دیا، شہباز شریف کو مان لیا


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب مریم نواز کے پیپلز پارٹی سے متعلق بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے مؤقف کو ن لیگ کا مؤقف سمجھیں گے۔

سندھ کے ضلع بدین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کےموقف کو مسلم لیگ ن کا موقف سمجھیں گے۔ شہبازشریف ن لیگ کے صدر اور اپوزیشن لیڈر ہیں۔

مزید پڑھیں: مریم نواز نے بھی پیپلز پارٹی سے شو کاز کا جواب مانگ لیا

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے نوٹس کو پھاڑا ہے، ہمارا موقف واضح ہے۔ ہم مریم نواز یا کسی اور کو جوابدہ نہیں پیپلزپارٹی کے جیالوں کو جوابدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی غریب عوام کی جماعت ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے حق کی بات کی۔

بلاول نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی و جہ سے بے روز گاری میں اضافہ ہوا۔ حکومت کی آئی ایم ایف سے معاہدے کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم ہرفورم پر غریب عوام کے حق کی بات کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ماتلی میں پیپلزپارٹی کی جیت ہماری نہیں عوام کی جیت ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم بلوچستان اور سندھ کے عوام کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔ بدین ، ٹھٹھہ اور ساحلی علاقوں کا نقصان ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف کا پیپلزپارٹی کے ساتھ اچھا تعلق رہاہے۔ اپوزیشن کے دوست پیپلزپارٹی کی مخالفت کے بجائے حکومت کی طرف توجہ دیں۔

بلاول نے کہا کہ پانی کے 91 کے معاہدے پر عمل نہیں ہورہا ہے. پانی کا مسئلہ ہمارے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ کم ازکم 19 91 کے معاہدے پر عمل ہمارا مطالبہ ہے۔ پانی کے معاملے پر نئے معاہدے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صحافی اسد طور پر حملہ کیا گیا۔ اگر اسلام آباد میں صحافی محفوظ نہیں تو پاکستان کے لیے یہ کیا پیغام ہے؟ ۔
وفاقی وزیر داخلہ اسلام آباد میں امن امان قائم کرنے میں ناکام رہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نے پی ڈی ایم کے نوٹس کو پھاڑا ہے، ہمارا موقف واضح ہے۔ ہم مریم نواز یا کسی اور کو جوابدہ نہیں پیپلزپارٹی کے جیالوں کوجوابدہ ہیں۔


متعلقہ خبریں