آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا: وفاقی وزیر اور جنوبی کوریا کے سفیر کی شرکت

آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا: وفاقی وزیر اور جنوبی کوریا کے سفیر کی شرکت

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ایکڑ پر محیط 12 منزلہ جدید آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی زیرنگرانی تعمیر ہونے والے آئی ٹی پارک کی تکمیل پر 13 ارب 72 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی جب کہ یہ 66 ہزار مربع میٹر سے زائد گنجائش کا حامل ہو گا۔

کراچی کا پیسہ کراچی پر ہی خرچ ہونا چاہیے، وفاقی وزیر امین الحق

وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے اس ضمن میں منعقدہ تقریب میں جنوبی کوریا کے پاکستان میں متعین سفیر سوسنگ پایو کے ہمراہ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس ضمن میں وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ یہ پارک چک شہزاد میں بنایا جا رہا ہے جو 12 منزلوں پر مشتمل ہوگا۔ اس کی دو منزلیں زیر زمین ہوں گی جب کہ پارک کی تعمیر کے لیے جنوبی کوریا کے ایگزم بینک سے نہایت آسان شرائط پر قرضہ حاصل کیا گیا ہے جس کی ادائیگی انتہائی معمولی مارک اپ پر 40 سال کی آسان اقساط میں ہو گی۔

آئی ٹی وزارت کے حکام کے مطابق تعمیر کے دوران بالواسطہ اور بلاواسطہ 5 ہزار ہنرمندوں اور مزدوروں جب کہ تعمیر کے بعد 10 سے 15 ہزار سے زائد آئی ٹی ماہرین، طلبہ و طالبات اور انڈسٹری سے وابستہ افراد کو روزگار فراہم ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سے مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کے بھی وسیع مواقع میسر آئیں گے۔

آئی ٹی پارک میں ابتدائی طور پر 120 اسمال و میڈیم سٹارٹ اپس انٹرپرائزز کو تمام جدید سہولتوں سے آراستہ جگہ فراہم کی جائے گی۔

جدید ٹیسٹنگ لیبارٹریز، کلاس رومز، آئی ٹی و متعلقہ صنعتوں سے منسلک اکیڈیمک سینٹرز، آڈیٹوریم اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

پاکستان میں اس وقت مجموعی طور پر فعال سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس ( اشتراکی عمارت) کی تعداد 15 ہے جن میں سے تین اسلام آباد میں، دو راولپنڈی میں، آٹھ لاہورمیں ، ایک کراچی میں اور ایک گلگت میں قائم ہے۔

آئی ٹی کے فروغ کیلئے پی ٹی آئی حکومت نے ایک سال میں کیا کیا؟

ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی عوام کے لیے اہم خوشخبری ہے کہ وفاقی وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن اسلام آباد میں اسٹیٹ آف آرٹ سہولیات سے آراستہ جدید ترین آئی ٹی پارک قائم کرنے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کے لیے دیگر اقدامات کے ساتھ ضروری تھا کہ آئی ٹی سیکٹر کے انفراسٹرکچر کو مربوط کرتے ہوئے اس کی صنعت سے وابستہ افراد کو ایک ایسا پلیٹ فارم بھی مہیا کیا جائے۔

وفاقی وزیر سید امین الحق نے میری ذاتی خواہش ہے کہ ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہروں میں ایس ٹی پیز کا ایک جال بچھا دیا جائے کیونکہ ڈیجیٹل ورلڈ کا مقابلہ کرنے کے لیے آپ کو اپنے نیٹ ورک میں توسیع کرنا لازم ہے۔

انہوں ںے کہا کہ اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی وزارت آئی ٹی کے ماتحت ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ فوری طور پر کوئٹہ، گوادر، فیصل آباد، بنوں، سوات، مردان، سکھر حیدرآباد میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنوبی کوریا کے پاکستات میں تعینات سفیر سوسنگ پایو نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے حوالے سے کاوش کا معترف ہوں۔

جنوبی کوریا نے جدید ترین لڑاکا طیارہ متعارف کرا دیا

سفیر سوسنگ پایو نے کہا کہ 2019 میں کورین اور پاکستانی حکومت کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت کوریا کے اکنامک ڈیویلپمنٹ کوآپریشن فنڈز کے تحت پاکستان میں انفراسٹرکچر کے لیے 500 ملین ڈالرز کا انتہائی آسان شرائط پر قرض جاری کیا جانا تھا ۔ انہوں ںے کہا کہ آئی ٹی پارک کی تعمیر اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔


متعلقہ خبریں