ڈاکٹر روتھ فاؤکی یاد میں 50 روپےکا یادگاری سکہ جاری

ڈاکٹر روتھ فاؤکی یاد میں 50 روپےکا یادگاری سکہ جاری | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جذام کے لیے کام کرنے والی ڈاکٹر روتھ فاؤ کی یاد میں 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کر دیا۔

مرکزی بینک کے گورنر طارق باجوہ اور پاکستان میں متعین جرمن سفیرمارٹن کوبلر نےڈاکٹرروتھ فاؤکی شاندارخدمات کےاعتراف میں 50 روپے کے یادگاری سکے کی نقاب کشائی کی، تقریب اسٹیٹ بینک ہیڈکوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی۔

اسٹیٹ بینک نے یادگاری سکہ وفاقی حکومت کی منظوری سے جاری کیا ہے، سکہ بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام دفاتر سےعوام کو دستیاب ہوگا۔

گورنراسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ پاکستان میں خلوص، وابستگی اور خدمت کی علامت تھیں۔ ان کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں پاکستان میں جذام کے مرض پرقابو پایا گیا اور پاکستان ایشیا میں یہ حیثیت رکھنے والا پہلا ملک بن گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کےعوام اور ریاست نے معاشرے کے لیے ڈاکٹر فاؤ کی خدمات کا بھرپوراعتراف ان کی زندگی میں ہی کیا۔ انہیں ہلالِ امتیاز، نشانِ قائداعظم اور ہلالِ پاکستان کے اعزازات سےبھی نوازا گیا۔

گورنراسٹیٹ بینک نےمزید کہا کہ یادگاری سکےکا اجرا ایک منفرد اقدام ہے جو ماضی میں صرف قائد اعظم، علامہ محمد اقبال، فاطمہ جناح اور عبدالستار ایدھی جیسےعظیم لوگوں کےاعزازمیں کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق 50 روپےکا یادگاری سکہ تانبے اور نکل کے بھرت سے بنایا گیا ہے۔ سکہ میں تانبا 75 فیصد اور نکل 25 فیصد ہے۔ اس کا قطر 30 ملی میٹر، وزن 13.5 گرام ہے۔ سکے پر سامنے کے رخ درمیان میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ کونوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغربی سمت میں ہے۔


متعلقہ خبریں