پاکستان مسئلہ فلسطین اور کشمیر کےمنصفانہ حل کا متمنی ہے، شاہ محمود

کاش! لوگ عمران خان کو دو تہائی اکثریت سے جتواتے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور صدر جنرل اسمبلی والکن بوذکر کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ہیں۔

مذاکرات میں فلسطین اور جموں و کشمیر کی صورتحال، اقوام متحدہ سلامتی کونسل اصلاحات، افغان امن عمل ،اور کورونا ویکسین کی دستیابی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہیں۔ پاکستان، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے مستقل منصفانہ حل کا متمنی ہے۔

قیام امن، سلامتی کونسل کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ مذاکرات میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل اصلاحات کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیرخارجہ نے کہا پاکستان، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو مزید موثر اور فعال بنانے کیلئے اصلاحات کو ناگزیر گردانتا ہے۔

انہوں نے صدر جنرل اسمبلی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کا اقدام، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

غزہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو رکوانے اور مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کو جبرو استبداد سے نجات دلانے کیلئے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں سے صدر جنرل اسمبلی کو آگاہ کیا۔

خطے میں امن و استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے افغان امن عمل کا نتیجہ خیز ہونا انتہائی ضروری ہے۔ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

وزیر خارجہ نے کورونا وبا سے بچاؤ اور ویکسین کی دستیابی کیلئے صدر جنرل اسمبلی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک بالخصوص ترقی پذیر ممالک کو کرونا ویکسین کی فراہمی کیلئے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے، وزیر اعظم عمران خان کے “قرضوں کی ادائیگی میں سہولت” کے اقدام سے آگاہ کیا۔

صدر جنرل اسمبلی نے پرتپاک خیر مقدم اور میزبانی پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ صدر جنرل اسمبلی والکن بوذکر نے فلسطین کے حوالے سے منعقدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں، پاکستان کے واضح موقف اور وزیر خارجہ کی بھرپور شرکت کو سراہا


متعلقہ خبریں