نادرا کراچی نے دہشتگردی میں ملوث افراد کے شناختی کارڈ بنائے، شیخ رشید


وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نادرا کراچی نے ایسے لوگوں کے شناختی کارڈ بنائے جو دہشتگردی میں ملوث تھے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ  نادرا کراچی کے لوگوں نے غلط شناختی کارڈ بنا کر کروڑوں روپے لوٹے، آئندہ ماہ تک نادرا کراچی میں جھاڑو پھیر دیں گے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نادرا کے جن لوگوں نے غلط اور دہشتگردوں کو شناختی کارڈ جاری کیے ان پر جھاڑو پھیر دیں گے۔ چیئرمین نادرا کی تقرری کی سمری آئندہ کابینہ اجلاس میں چلی جائے گی۔

مزید پڑھیں: وزارت داخلہ نے بعض قبائل غیر ملکی قرار دیدیے، چیئرمین نادرا کا انکشاف

انہوں نے کہا کہ  نادرا کوکرپٹ افسران سے پاک کریں گے، نادرا کے کچھ لوگوں کوگرفتارکیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 2019 میں کراچی کی مقامی عدالت نے غیر ملکی باشندوں کے جعلی شناختی کارڈ بنانے سے متعلق کیس نادرا کے چار ملازمین کو 38، 38 ماہ کی سزا سنائی تھی۔

عدالت کی طرف سے  سزا دینے والے ملزمان میں سید حسام حامد،محمد بختیار،راحیل مہتاب اور ذیشان حنیف شامل تھے۔

ایف آئی اے نے ملزمان پر 51 غیر ملکی باشندوں کے شناختی کارڈ بنانے کے الزام میں  مقدمہ درج کرکے چالان عدالت میں جمع کرایا تھا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق ملزم حسام حامد نادرا سینٹر سائٹ انڈسٹریل ایریا کا انچارج تھا اور اسی کی نگرانی میں غیر ملکی باشندوں کے شناختی کارڈ بنائے گئے۔


متعلقہ خبریں