کراچی: تیز رفتار گاڑی اٹارنی جنرل کے سیکیورٹی کیمپ میں گھس گئی، ڈرائیور جاں بحق


کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان شہباز میں تیز رفتار گاڑی اٹارنی جنرل کے بنگلے کے باہر لگے سیکیورٹی کیمپ میں گھس گئی، حادثے میں سیکیورٹی کیمپ میں موجود بنگلے کا ڈرائیور جاں بحق ہوا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں اٹارنی جنرل کے باہر سیکیورٹی پر تعینات 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کے مطابق گاڑی  میں ایک شخص سوار تھا جو  خود بھی زخمی ہوا۔ زخمی شخص کو اسپتال منتقل کرکے گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 9 نومبر کو کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایک تیز رفتار واٹرٹینکر بے قابو ہو کر بینک میں گھس گیا تھا جس سے ایک شخص جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: گاڑی کی ٹکر سے شہری زخمی، بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار گرفتاری کے بعد رہا

حادثے میں بینک کے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر ڈرائیور کے کنٹرول میں نہیں تھا۔

پانی کا ٹینکر اوور اسپیڈ کی وجہ سے بینک میں گھس گیا تھا اور متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ پانی کا ٹینکر اوورلوڈ تھا اور بینک کی پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا ۔


متعلقہ خبریں