کچے میں آپریشن: 27ہائی پروفائل ڈاکوؤں کےسرکی قیمت مقرر



شکارپور: سندھ میں کچے کے27 ہائی پروفائل ڈاکوؤں کے سر کی قیمت مقرر کردی گئی۔

محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹی فیکیشن کے مطابق بیلو تیغانی نامی ملزم کے سر کی قیمت سب سے زیادہ30لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

لاڈو تیغانی نامی ڈاکو کے سر کی قیمت20لاکھ رکھی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران اب تکپولیس اہلکاروں سمیت تین افراد شہید ہوچکے ہیں، چھ ڈاکو مقابلے کے دوران ہلاک ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید  کہا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کی ہر قسم کی مدد کے لیے تیار ہے۔ مراد علی شاہ  نے مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے جرائم کے خلاف آپریشن کیلئے جدید آلات کی بھی درخواست کی۔

وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سندھ سے ڈاکوؤں کا صفایا کر کے سانس لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت چاہے تو پورے صوبے میں رینجرز تعینات کریں گے۔ ڈرون اور اسلحے سمیت ہر قسم کی مدد کریں گے۔ ڈاکوؤں کیخلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم ہوں گے۔ کوئی بھی بڑا نام ملوث ہوا تو سختی سے نمٹیں گے۔

پولیس آپریشن میں کراچی سے بھیجے گئے 200 پولیس کمانڈوز سمیت 700 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں اور اب تک 12 مغویوں میں سے 9 کو بازیاب بھی کرایا جا چکا ہے۔

پولیس آپریشن اس وقت شکارپور، کشمور، گھوٹکی، اور سکھر میں کیا جا رہا ہے۔ چار ایس ایس پیز نے متعلقہ علاقوں میں بیس کیمپس قائم کردیے ہیں۔

شکارپور میں ایس ایس پی تنویر تونیو، سکھر میں ایس ایس پی عرفان سموں، کشمور میں امجد شیخ اور گھوٹکی میں عمر طفیل آپریشن کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں