70 فیصد آبادی کو ویکسین لگے بغیر وبا ختم نہیں ہو گی، ڈبلیو ایچ او

فائل فوٹو


نیویارک: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ جب تک دنیا کی 70 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین نہیں لگ جاتی کورونا کی وبا ختم نہیں ہو گی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابقڈبلیو ایچ او کے یورپ کے ڈائریکٹر ہانس کلوج نے یورپ میں ویکسین لگائے جانے کی رفتار کو سست قرار دیتے ہوئے تنقید کی اور کہا کہ یہ مت سوچیں کہ کورونا وائرس کی وبا ختم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین لگنے کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے اور یہ وبا اسی وقت ختم ہو گی جب 70 فیصد لوگوں کو ویکسین لگ جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 26 فیصد لوگوں کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگ چکی ہے جبکہ یورپ میں 36.6 فیصد آبادی کو کورونا کی پہلی اور 16.9 فیصد کو دوسری خوراک بھی لگ چکی ہے۔

ہانس کلوج نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کو سب سے زیادہ تشویش کورونا کی نئی اقسام کی وجہ سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مثال کے طور پر بھارتی قسم بی1617 ایک دوسری قسم بی117(برطانوی قسم) سے زیادہ پھیلتی ہے۔ کورونا کی انڈین قسم 53 ممالک میں پھیل چکی ہے۔ تاہم دنیا بھر میں نئے کیسز اور اموات میں گذشتہ پانچ ہفتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 17 کروڑ سے بڑھ گئی

ہانس کلوج نے کہا کہ اگرچہ کورونا ویکسینز نئی اقسام کے خلاف کارگر ثابت ہوئی ہیں لیکن لوگوں کو محتاط رہنا ہوگا۔

انہوں ںے کہا کہ یہ قابل قبول نہیں ہے کہ کچھ ممالک نوجوانوں کو ویکسین لگانا شروع کر دیں اور خطے کے باقی ملکوں نے طبی عملے اور بزرگ افراد کو بھی ویکسین نہ لگائی ہو۔


متعلقہ خبریں