مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ، 2 نوجوان شہید


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 نوجوان شہید ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں قابض بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کیا۔

قابض فوج کے نام نہاد آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ بھارتی فوج نے علاقے میں ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کیا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آئے روز نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران بے گناہ کشمیریوں کو تشدد اور فائرنگ کر کے شہید کر دیتی ہے جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے انٹرنیٹ سروس بھی معطلی کا سلسلہ جاری ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کا رابطہ دنیا بھر سے منقطع رکھا جائے۔

گزشتہ ماہ پاکستان نے بھارت سے مذاکرات کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے مشروط کر دیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دوطرفہ مذاکرات سے پہلے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اقدامات کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی میں تبدیلی، اقوام متحدہ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کو ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن سے کشمیریوں کیلئے جینا آسان ہو۔

خیال رہے کہ چند روز قبل رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر پیدا ہونے والے تناؤ کو کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے اعلیٰ انٹیلی جنس افسران کے درمیان سال رواں کے پہلے مہینے میں خفیہ مذاکرات ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں