معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے، فواد چوہدری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے معیشت کا جو حشر کیا اس کے باعث معاشی تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور ملک کی تاریخ میں پہلی بار 4 ہزار ارب روپے سے زیادہ ٹیکس اکٹھا ہوا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوششش میں حصہ ڈالا اور بیرون ملک پاکستانیوں نے ایک ہزار ارب روپیہ پاکستان بھیجا۔

انہوں نے کہا کہ گندم، چاول، گنا اور مکئی کی تاریخی پیداوار ہوئی ہے جبکہ زرعی معیشت میں ایک ہزار 100 ارب روپیہ منتقل ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کسانوں کی قوت خرید میں بھرپور اضافہ ہوا ہے اور ٹریکٹر 64 فیصد زیادہ فروخت ہوئے۔ اسی طرح کھاد اور زرعی ادویات کے استعمال میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم نہیں رہی اب یہ صرف ہم خیال گروپ ہے، فیصل کریم کنڈی

انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ نے 27 مئی کو 2.21 ارب شیئرز کی خریدو فروخت سے نیا ریکارڈ قائم کیا اور اس وقت پاکستان کی مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ معیشت اوپر جا رہی ہے اور عام آدمی کی حالت بدل رہی ہے۔ حزب اختلاف احتجاج کی کال کیوں دے رہی ہے؟ ایسی سیاست کا فائدہ کس کو ہو گا ؟


متعلقہ خبریں