کویت نے دس سال بعد پاکستانی شہریوں کیلئے ویزے بحال کر دیئے



کویت نے دس سال بعد پاکستانی شہریوں کیلئے ویزے بحال کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی کویت کے وزیر اعظم صباح الخالد ال صباح سے ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

اس کے علاوہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیر اعظم سے ویزا بحالی پر بات چیت کی اور انہیں وزیر اعظم عمران کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔

اس موقع پر کویتی وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہو گی۔

کویتی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات 7 دہائیوں پر محیط ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں، پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے مسائل درپیش تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی لیبر کا کویت کی ترقی میں بہت اہم کردار ہے، ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔


متعلقہ خبریں