پی ایس ایل 6، سرفراز احمد سمیت 6 افراد ابوظہبی روانہ


لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے بقیہ میچز میں شرکت کے لیے سابق کپتان سرفراز احمد سمیت 6 افراد ابوظہبی روانہ ہو گئے۔

ہم نیوز کے مطابق پی ایس ایل 6 میں شرکت کے لیے سابق کپتان سرفراز احمد کے علاوہ ذیشان اشرف اور زید عالم بھی ابوظہبی روانہ ہونے والوں میں شامل ہیں۔

پی ایس ایل سیزن 6 میں شرکت کے لیے پاکستان میں موجود 13 میں سے 6 افراد کو گزشتہ روز ویزے جاری ہوئے۔ متعلقہ کھلاڑی اور آفیشل نجی ائیرلائن سے صبح 6 بجکر 40 منٹ پر کراچی سے ابوظہبی روانہ ہوئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آج دیگر رہ جانے والے 7 افراد کے ویزے حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ جن میں عمر امین، آصف آفریدی، محمد عمران سمیت دیگر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈیڑھ سو افراد پر مشتمل پی سی بی کا دستہ ابوظہبی روانہ ہوا تھا تاہم سرفراز احمد سمیت 13 افراد ویزہ نہ ملنے کی وجہ سے روانہ نہیں ہو سکے تھے۔

خیال رہے کہ مارچ 2021 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن6 کو کورونا کیسز کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 :جنوبی افریقہ کے تمام کھلاڑی ابوظہبی پہنچ گئے

اب تک ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس کے بعد اس وقت کراچی کنگز اور پشاور زلمی پانچ پانچ میچ کھیلنے کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بھی چار چار میچ کھیلنے کے بعد چھ چھ پوائنٹس ہیں اور ان کی بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن ہے۔


متعلقہ خبریں