نیب نے پاکستان کو ناقابل یقین نقصان پہنچایا، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے بیانیہ سے پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ نیب نے پاکستان کو ناقابل یقین نقصان پہنچایا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) میں ہمت ہے تو کیمرے لگا کر تفیش کریں۔ نیب نے پاکستان کو ناقابل یقین نقصان پہنچایا ہے کیا انہیں سینکڑوں ارب کے حکومتی کیسز نظر نہیں آتے ؟

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق ہمارے اصولوں کو مفاہمت سمجھیں یا کچھ بھی۔ شہباز شریف پارٹی صدر ہیں اور ان کے بھی فیصلے شامل ہیں تاہم حتمی فیصلہ نواز شریف کا ہی ہو گا۔ شہباز شریف کا بیانیہ بھی ووٹ کوعزت دو کا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا، فواد چوہدری

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے بیانیہ کے حوالے سے پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ شہباز شریف کہتے ہیں مریم نواز وقت کے ساتھ گروم ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں واپس لانے کی ہماری کوششیں صفر ہیں۔ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہیں۔ جس نے اعتماد توڑا ہے وہ بحال کرے ورنہ راستے جدا جدا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے، بلاول بھٹو

آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ این سی او سی کا آزاد کشمیر انتخابات کو 2 ماہ کے لیے ملتوی کرنے کا خط موجود ہے جسے این سی او سی واپس لے کیونکہ این سی او سی کا عام انتخابات سے کیا تعلق ؟

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر کرائے جائیں۔

اس سے قبل احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی اور رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔


متعلقہ خبریں