بھارت: یوگا گرو رام دیو کے خلاف ملک بھر میں ڈاکٹروں کا یوم سیاہ

بھارت: یوگا گرو رام دیو کے خلاف ملک بھر میں ڈاکٹروں کا یوم سیاہ

نئی دہلی: بھارت کے ڈاکٹرز یوگا گرو رام دیو کے بیان پر احتجاج کرتے ہوئے آج پورے ملک میں یوم سیاہ (بلیک ڈے) منا رہے ہیں۔ یوگا گرو رام دیو نے اپنے بیان میں جدید طریقہ علاج کو احمقانہ قرار دیا تھا۔

بھارت: کورونا کی تباہ کاریاں، سپر اسٹارز کی سرمایہ کاریاں

یوگا گرو رام دیو ںے یہ بھی کہا تھا کہ کورونا وبا کے دوران لوگ اس وبا کی نسبت جدید طبی ادویات کے استعمال اور علاج کی وجہ سے زیادہ مر رہے ہیں۔

بھارت کے مؤقر ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارت کی مختلف میڈیکل تنظیموں نے رام دیو کے بیان کو توہین آمیز اور بے حسی پر مبنی قرار دیتے ہوئے ان سے غیر مشروط طور پر معذرت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق رام دیو کے خلاف احتجاج کی دعوت دینے والی تنظیم فیڈریشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کا اس سلسلے میں مؤقف ہے کہ رام دیو کے بیان پر اعتراضات اٹھانے کے باوجود ابھی تک کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

فیڈریشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر منیش نے اس ضمن میں کہا ہے کہ احتجاج آیوروید (روایتی طبی علاج) کے خلاف نہیں ہے بلکہ رام دیو کے خلاف ہے۔

انہوں نے اپنے ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم رام دیو کے ساتھ کسی قسم کی بحث نہیں چاہتے ہیں کہ وہ کون ہیں؟ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک عام آدمی ہیں۔ انہوں ںے الزام عائد کیا ہے کہ رام دیو نے اس وبا میں صرف اپنا کاروبار چمکایا ہے۔

ڈاکٹر منیش کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے وبا کے دنوں میں دن رات کام کیا ہے اور اپنی زندگیاں کھوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم 10 ہزار ڈاکٹروں کے حصہ لینے کی امید کر رہے ہیں۔ انہوں نے نہایت پرعزم انداز میں کہا کہ ہم کسی بھی حد تک جائیں گے اور عدالت بھی جا سکتے ہیں۔

بھارت: کورونا سے بچنے کے لیے سانپ کھانا جرم بن گیا

ٹی وی کے مطابق بھارت میں ڈاکٹروں کی تنظیم انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے بھی احتجاج کی حمایت کی ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز کالے بیجز لگا کر اسپتال میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

یوگا گرو رام دیو کو گزشتہ ہفتے ایک تقریب میں یہ کہتے سنا گیا تھا کہ لاکھوں لوگ ایلوپیتھک ادویات کی وجہ سے جان گنوا بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ تعداد ان افراد کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے جو علاج یا آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔

بھارت کے این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے 55 سالہ یوگا گرو کو نوٹس بھی بھیجا تھا جس میں ان سے 15 دن کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف ایک ہزار کروڑ کی ہتک عزت کا نوٹس بھی بھجوایا جائے گا۔

بھارت کے وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے بھی یوگی رام دیو کو اپنا بیان واپس لینے کے لیے کہا تھا۔ انہوں نے اس حوالے سے رام دیو کو ایک خط بھی لکھا تھا۔

خط میں وزیر صحت نے مؤقف اپنایا تھا کہ آپ نے نہ صرف کورونا کے خلاف لڑنے والوں کی تذلیل کی ہے بلکہ ملک کے لوگوں کو دکھ بھی دیا ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے اپنے خط میں یہ مشورہ بھی دیا تھا کہ اس کے بارے میں گہرائی سے سوچیں اور اپنا بیان مکمل طور پر واپس لیں۔

سندھ: کورونا کی بھارتی قسم کے 4 کیسز کی تصدیق

یوگا گرو رام دیو اس حوالے سے اپنی ایک ویڈیو میں یہ کہتے دکھائی دیے تھے کہ کسی کے باپ میں بھی دم نہیں ہے کہ رام دیو کو گرفتار کرسکے۔


متعلقہ خبریں