فائیو جی ٹیکنالوجی کے خلاف بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ ان ایکشن


بھارت میں فائیو جی ٹیکنالوجی استعمال کے خلاف بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ ہائی کورٹ پہنچ گئیں۔

ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں جوہی چاولہ کا کہنا ہے کہ 5 جی نیٹ ورک انسانوں اور زمین کے ماحولیاتی نظام کو شدید اور ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گا۔

اداکارہ ہونے کے علاوہ جوہی چاولہ ماحولیاتی کارکن بھی ہیں اور انہوں نے ماحولیات کو شدید نقصان پہنچانے کا دعویٰ کرتے ہوئے یہ عرضی دائر کی ہے۔

جوہی کا کہنا ہے کہ 5 جی کی تابکاری نہ صرف انسانی آبادی کو متاثر کرے گی بلکہ جانوروں اور پودوں کو بھی نقصان پہنچائے گی۔

بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ ان چند فنکاروں میں سے ایک ہیں جو ماحول دوست اقدامات پر زور دیتے ہیں۔ جس میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا بھی شامل ہے۔

اداکارہ اپنے ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے استعمال سے خوش نہیں ہیں۔

ایک انٹرویو میں اداکارہ جوہی چاولہ نے کہا کہ وہ بھارت کی ترقی یا ملک میں ٹیکنالوجی کی ترقی کے خلاف نہیں لیکن کچھ تحفظات ضرور ہیں۔

انہوں نے کہا ہماری اپنی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ وائرلیس گیجٹ اور نیٹ ورک سیل ٹاورز سے نکلنے والی بڑی مقدار میں تابکار ریڈیشن نہ صرف انسانی صحت کو متاثر کرے گی بلکہ لوگوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑسکتی ہیں۔

دوسری جانب ہندوستانی وزارت مواصلات کا کہنا ہے کہ انسانوں ، پرندوں اور درختوں پر ٹو جی، تھری جی، فور جی اور فائیو جی  ٹیکنالوجیز کے اثرات پر اب تک کوئی تحقیق سامنے نہیں آئی ہے۔


متعلقہ خبریں