آزاد کشمیر کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور


اسلام آباد: اقتصاری رابطہ کمیٹی نے آزاد کشمیر کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق ای سی سی نے حکومت آزاد کشمیر کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔

خیبر پختونخوا کے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتالوں کے لیے بھی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی جبکہ سول آرمڈ فورسز کی استعداد بڑھانے کے لیے وزارت داخلہ کی سمری پیش کی گئی اور گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں انٹرنل سیکیورٹی ڈیوٹی الاؤنس کی مد میں 19 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی اور ایف سی بقایا جات اور شہدا لواحقین کے لیے 20 کروڑ 41 لاکھ روپے سے زائد ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔

اجلاس میں وزارت دفاع کے ایگزیکٹیو محکموں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظور دی گئی اور پاکستان رینجرز پنجاب کے اخراجات کے لیے بھی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔ وزارت داخلہ کے ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

قومی ورثہ ڈویژن کے لیے 25 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی جبکہ ایف بی آر کے لیے 15 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کوہاٹ آئل ڈپو کو دوبارہ کھولنے کی منظوری دے دی اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے لیے غیر ملکی انجینئرنگ کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی اجلاس میں غیر ملکی انجینئرنگ کنسلٹنٹ پورٹ قاسم ماسٹر پلان کی منصوبہ بندی اور جائزہ لیا گیا اور ٹی آئی پی کے نیشنل بینک سے لیے گئے قرض پر حکومتی گارنٹی کی توسیع کی منظوری مؤخر کر دی گئی۔


متعلقہ خبریں