خیبرپختونخوا کے عوام کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا،شہباز شریف


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کوبلین ٹریز، تبدیلی اور انقلاب کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ دھوکہ دینے والے قوم کے رہنما کیسے ہوسکتے ہیں؟

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پی ایم ایل (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام سے بات چیت کررہے تھے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کے پی کے عوام کو بہت مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو پی ٹی آئی نے کھنڈر میں بدل دیا ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر نے کہا کہ پنجاب میں جاری ترقی و خوشحالی کے سفر کو خیبرپختونخوا میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صحت و تعلیم کے شعبوں میں حقیقی انقلاب برپا کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی نے خیبرپختونخوا کے عوام کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کے پی کے عوام اب نیازی صاحب کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

پی ایم ایل (ن) کے پی کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پنجاب جیسی ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات کے بعد کے پی میں پاکستن مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی۔


متعلقہ خبریں