سیاست مولانا فضل الرحمان کے بس کی بات نہیں، فواد چوہدری


لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیاست مولانا فضل الرحمان کے بس کی بات نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کے لیے ریلیف ہو گا اور ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ حزب اختلاف تنکوں کی طرح بکھری ہوئی ہے لیکن پھر بھی ہم حزب اختلاف کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن فیصلہ کرے کہ ان کی پالیسی کیا ہے ؟ ن لیگ شہبازشریف اور مریم نواز کا جھگڑا ختم ہو تو اپنی پالیسی واضح کرے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کے باعث پاکستان جس گرداب میں پھنسا تھا اس سے باہر آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال کا بجٹ ہماری کارکردگی کا عکاس ہو گا جبکہ ہمیں اتحادیوں نے بجٹ کی حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ہم سیاسی بنیادوں پر تعیناتیاں اور بھرتیوں کا سلسلہ ختم کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کوعوامی طاقت اقتدار میں لے آئی جبکہ حزب اختلاف خود متحد نہیں اور ان کے درمیان انتشار ہے۔ مولانا فضل الرحمان نکاح وغیرہ پڑھایا کریں کیونکہ سیاست ان کے بس کی بات نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کی معاشی پالیسیاں ہی ملک کو آگے لے جا سکتی ہیں، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ الیکشن اصلاحات پر تجاویز دیں ہم غور کریں گے، الیکشن کمیشن جارہے ہیں اور انتخابی اصلاحات پر بات کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز نے اپنی پارٹی پیپلز پارٹی کے حوالے کی تھی، چاہتے تھے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی شادی چلتی رہے۔ جہانگیر ترین کا دھڑا پی ٹی آئی کے ساتھ ہے اور جہانگیرترین سمیت تمام ارکان عمران خان کے ویژن پر یقین رکھتے ہیں تاہم لوگ جہانگیر ترین کے کھانوں پر ذاتی تعلقات کی وجہ سے جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں