سندھ: تاجروں نے 6 بجے تک دکانیں بند کرنے کی حامی بھر لی


کراچی سمیت سندھ بھر میں رات 8 بجے تک مارکٹیس کھولنے پر اصرار کرنے والے تاجروں نے آج صوبائی حکومت کی درخواست پر دکانیں شام 6 بجے بند کرنے کی حامی بھرلی ہے۔

تاجروں سے کامیاب مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے، مارکیٹیں شام چھ بجے تک کھلیں گی حتمی فیصلہ پیر کی میٹنگ کے بعد فیصلہ ہوگا، ، ایم کیو ایم اس معاملے پر سیاست نہ کرے۔

چیئرمین کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سے افہام و تفہیم سےکچھ معاملات طے پاگئے ہیں۔ مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے کے معاملے پرحکومتی ٹاسک فورس پیرکواعلان کریگی۔ وزیر بلدیات کی آج 6 بجے مارکیٹیں بند کرنےکی درخواست مان لی گئی ہے۔

چیئرمین کراچی تاجر اتحاد نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر کہیں دکانیں کھلی ہوں تواُن کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔

مزید پڑھیں: صبح 8 سے رات 8 بجے تک کارروبار کرنے کی اجازت دی جائے، سندھ تاجر

دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے رات آٹھ بجے تک دکانیں کھولنے کی حمایت کردی ہے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ نااہل سندھ حکومت کراچی دشمنی میں ناقابل عمل فیصلے مسلط کر رہی ہے۔ تاجروں کیخلاف طاقت کا استعمال ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ جبراً فیصلے مسلط کرنا ملک کو انارکی کی جانب لے جائے گا۔ سندھ حکومت کو پولیس گردی کے سنگین نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں