سندھ کے علاوہ ملک میں کورونا کیسز کی شرح کم ہوکر 4 فیصد ہوگئی، ڈاکٹر فیصل سلطان

کورونا ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔

فوٹو: فائل


وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر میں بتدریج کمی ہوتی نظر آرہی ہے، ملک میں کورونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح کم ہوکر 4 فیصد ہوگئی ہے۔

اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ سندھ میں ابھی تک کورونا کیسز کی شرح نیچے نہیں آسکی ہے۔ سندھ میں کورونا کی تیسری لہر ذرا دیر سے آئی، اس لیے اس کا سائیکل زرا پیچھے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6 سے 7 فیصد ہے۔ سندھ میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد میں کمی ہونے پر تشویش ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 84 اموات اور 1 ہزار 923 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 21 ہزار 189 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 30 ہزار 511 ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 48 ہزار 937 ہے اور 8 لاکھ 60 ہزار 385 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 10 ہزار 241 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 5 ہزار 105، خیبرپختونخوا 4 ہزار 135، اسلام آباد 763، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 287 اور آزاد کشمیر میں 551 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا ویکسی نیشن کے بغیر تنخواہ نہیں ملے گی

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 81 ہزار 626، خیبرپختونخوا ایک لاکھ 34 ہزار 72، پنجاب 3 لاکھ 41 ہزار 789، سندھ 3 لاکھ 22 ہزار 350، بلوچستان 25 ہزار 589، آزاد کشمیر 19 ہزار 456 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 629 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 19 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا:18سال سےزائدعمر کےافرادکی ویکسی نیشن جاری
ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔

ویکسینیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں