معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، چند ماہ میں مہنگائی پر قابو پالیں گے،شاہ محمود


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، آئندہ چند ماہ میں مہنگائی پر قابو پالیں گے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شرح نمومیں بہتری کے ساتھ غربت اور بےروزگاری کا خاتمہ ترجیح ہے۔
وزیراعظم کے وژن کی بدولت کورونا وبا کا مقابلہ کیا۔ قوم کو اپنی قیادت پراعتماد ہونا چاہیے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس مہنگائی کم کرنےسے متعلق تجاویز ہیں تو پیش کریں۔ بلے کے نشان پر منتخب ہونیوالےعمران خان کی قیادت پرمتفق ہیں۔ بجٹ کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سمجھداردوست بجٹ میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ مسلم لیگ ن میں اس وقت دوقسم کی سوچ ہے۔ ایک سوچ کی شہباز شریف اور دوسری کی مریم نواز نمائندگی کر رہی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ہمسایہ ملک کی گروتھ منفی ہورہی ہے۔ بھارت میں ایک کروڑکے قریب افراد بےروزگار ہوئے ہیں۔ کورونا وبا کی وجہ سے دنیا کے بیشتر ممالک کی معیشت متاثر ہوئی جبکہ پاکستان کی معیشت کی شرح نمو 4 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو بھی پی ٹی آئی کا ساتھی ہے وہ عمران خان کی قیادت پر متفق ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کرپشن پر بڑا واضع پیغام ہے۔ کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کیا۔ کرپشن پر عمران خان کسی سے رعایت نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: مہنگائی میں اضافہ ہو گیا

اس سے قبل ملتان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین میں 27 رمضان کی رات کو نمازیوں پر حملہ ہوا۔ فلسطین میں نہتے نمازیوں پر گولیاں چلائی گئیں۔ اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں کیخلاف جارحیت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ معاملے پر 28 رمضان کو سیکریٹری او آئی سی سے رابطہ کیا۔ فلسطین میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔ فلسطینیوں پر مظالم رکوانے میں پاکستان کا کردار کلیدی تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین پر واضح موقف اپنایا۔ پاکستان نے اوآئی سی پلیٹ فارم پر فلسطین کی وکالت کی۔
مسئلہ فلسطین پرسلامتی کونسل کی 4 نشستیں بےنتیجہ رہیں۔ دنیا بھر میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کیے گئے۔

وزیرخارجہ  نے کہا کہ  جب میری نگاہ غزہ پر گئی تو وہیں سری نگر پر بھی تھی۔ مارچ 2022 کو اسلام آباد میں مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کو مدعو کروں گا۔ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کے سامنے مسئلہ کشمیر رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا۔ پاکستان امن اور استحکام کی بات کرتا ہے۔ افغانستان حکومت کو پاکستان کیخلاف بات نہیں کرنی چاہیے۔ افغانستان کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر افغان امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کچھ قوتوں نے پاکستان کو فیٹف میں نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ جون میں ایف اے ٹی ایف کا ایک سیشن ہونا ہے۔ پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں رہ گیا۔


متعلقہ خبریں