ٹرین حادثہ: صدر اور وزیراعظم کا اظہار افسوس، تحقیقات کا حکم


اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور زیراعظم عمران خان نے ڈہرکی کے قریب ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم نے ٹویٹ کے ذریعے ٹرین کے خوفناک حادثہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے 30 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔


عمران خان نے وزیر ریلوے اعظم سواتی کوحادثے کی جگہ پہنچنے کی ہدایات کرتے ہوئے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

صدر عارف علوی نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ روہڑی اورگھوٹکی ریلوے ٹریک بہت زیادہ خراب ہیں،اس کا حل ایم ایل ون ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو ہر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ جبکہ دفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات جاری ہیں اس سے پہلے وجوہات کے متعلق بیان نہیں دیا جا سکتا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور رینجرز کے جوان ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پنو عاقل سے حادثے کی جگہ پرپہنچ گئے۔

سکھرمیں ملت اورسرسید ایکسپریس میں تصادم ہونے سے 30 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 50 زخمی ہوگئے ہیں۔ملت ایکسپریس کراچی سےسرگودھا اور سرسید ایکسپریس لاہورسےکراچی جارہی تھی۔

پاکستان ریلویز نے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا ہے۔ حادثے سے متعلق 0719310087 نمبر پر رابط کرکے معلومات لی جاسکتی ہیں۔ زخمیوں کو روہڑی ، پنوعاقل اور سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں