چین: چاقو حملے میں 6 افراد ہلاک 14زخمی


چین میں شہری نے راہگیروں پرچاقو سے حملہ کر دیا، جس سے 6 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

چین کے صوبے انہوئی کے شہر انقنگ میں 25 سالہ نوجوان نے بازار میں خریداری کرتے شہریوں اوراہگیروں کو اپنے غصے کا نشانہ بنایا۔

چار پولیس اہلاکاروں نے فوری کاروائی کرتے ہوئے شہری کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیاہے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوجوان بےروزگار تھا اور اس نے حملہ خاندانی مسائل کے باعث غصے اور پریشانی کی حالت میں کیا۔

چین میں دو ہفتوں میں یہ تیسرا حملہ ہے، جس میں کئی شہریوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

22 مئی کو چین کے شمالی مشرقی علاقے میں شہری نے گاڑی ہجوم پرچڑھا دی تھی، جس سے 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ شہری نے کاروبار میں نقصان ہونے کا بدلہ عام شہریوں سے لیا۔

چینی عوام کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کا اس طرح مشتعل ہو کر حملہ کرنا اور بےگناہ شہریوں کی جان لینا چین کے لیے لمحہ فکریہ ہے، عوام کا ماننا ہے کہ سماجی و اقتصادی پریشانیاں لوگوں کو یہ کرنے پر مجبور کر رہی ہیں۔

امیری اور غریب میں بڑھتا فرق ذہنی طور پر مایوسی پیدا کرہا ہے اور یہی ان بڑھتے حملوں کی اصل وجہ ہے۔


متعلقہ خبریں