وزیر اعلیٰ سندھ ٹرین حادثے کی جگہ پر دکھائی نہیں دیے، فردوس عاشق


وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پیش آنے والے ٹرین حادثے پر پوری قوم افسردہ ہے، تاہم وزیراعلیٰ سندھ اوران کی ٹیم جائے حادثہ پردکھائی نہیں دیے۔

لاہور میں بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلانے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت پرالزام تراشی کررہی ہے، اس المناک حادثے کے باوجود اپوزیشن سازشوں سے باز نہیں آرہی ہے۔

مزید پڑھیں: ٹرین حادثہ: جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان

فردوس عاشق نے کہا کہ ریلوے کا بوسیدہ نظام اور بدانتظامی ٹرین حادثے کا باعث بنی ہے۔ ٹرین حادثے میں قیمتوں جانوں کو بچایا جاسکتا تھا،
جاں بحق افراد کے لواحقین کو 15 لاکھ  روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ ایسے حادثات سے بچنے کیلئے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دی جاچکی ہے

انہوں نے کہا کہ ۔رواں سال پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ بچوں کو اپاہج ہونے سے بچانے کیلئے ہر حال میں پولیو کے قطرے پلانے ہیں۔

خیال رہے کہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی میں ملت اور سرسید ایکسپریس کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 4o افراد جاں بحق  اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق کئی مسافر اب بھی تباہ شدہ بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور مزید جانی نقصان کا خدشہ ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق ملت ایکسپریس کی متعدد بوگیاں ڈہرکی کے قریب ٹریک سے اتر گئیں۔ کچھ  دیر بعد مخالف سمت سے آنے والی سر سید ایکسپریس ان بوگیوں سے ٹکرا گئی۔


متعلقہ خبریں