کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے ایک ارب ڈالر کی منظوری

فائل فوٹو


اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے ایک ارب ڈالر کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق ای سی سی نے ویکسین کی خریداری کے لیے پہلے مرحلے میں 18 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔

ملک بھر میں 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کے لیے ایک ارب ڈالر کی ویکسین خریداری کی منظوری دی گئی جبکہ 18 کروڑ ڈالر کی رقم این ڈی ایم اے کو ویکسین کی خریداری کے جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ایک ارب ڈالر کی کین سائنو، سائنو فارم، سائنو ویک اور فائزر ویکسین خریدی جائے گی۔ اجلاس میں کم ترقی یافتہ علاقوں کے طلبا کی فیس ادائیگی کے لیے گرانٹ کی منظوری دی گئی اور احساس کوئی بھوکا نہ سوئے فنڈ کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں1کروڑ کورونا ویکسین لگانے کا عمل مکمل

ای سی سی اجلاس میں کنٹرولر جنرل پاکستان کے لیے ایک رب 16 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی جبکہ وزارت تعلیم کے لیے 37 کروڑ 80 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے لیے 33 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔

ذرائع کے مطابق کنٹرولر جنرل آف پاکستان کے فوت شدہ ملازمین کی فیملیز کو امدادی پیکج کی منظوری دی گئی اور ترسیلات زر، نئی اسکیم کی مارکیٹنگ مہم کے لیے 74 کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ منظور کی گئی۔

سپریم کورٹ کے ججز کی سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیر و مرمت کے لیے فنڈز کی منظوری کے علاوہ وزارت انسانی حقوق کے لیے 2 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کی گرانٹ منظور کی گئی۔

اجلاس میں اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے اضافی فنڈز کے لیے وزارت آئی ٹی کی سمری منظور کی گئی جبکہ انٹیلیجنس بیورو کے لیے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔


متعلقہ خبریں