قوم کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار کر رہے ہیں، وزیر خارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم قوم کی صلاحیت کو بڑھا رہے ہیں تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کر سکے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2021 کے لیے پاکستان ہیومینیٹیرین ریساپنس پلان“ (ایچ آر پی) کے مشترکہ آغاز کی تقریب میں آپ سب کو خوش آمدید کہتے ہوئے بڑی مسرت محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت ہر طرح کے حالات میں بلاامتیاز ملک میں رہنے والوں کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ایسی پالیسیز تشکیل دے رہے ہیں اور ان پر عمل کررہے ہیں جن سے قدرتی آفات اور کورونا وبا کی وجہ سے درپیش مشکلات کے باوجود پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لیے مستحکم پیش رفت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی پالیسیوں کے دو رہنما اصول ہیں: ”اجتماعیت“ اور ”پائیداری“۔ ہم اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں کہ ہم انسانی صورتحال کے تمام پہلووں کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسا مؤثر نظام استوار کریں جو ہر طرح کے حالات میں انسانوں کی مدد کرسکے اور اس میں اجتماعی اور پائیدار بحالی کی صلاحیت بھی موجود ہو۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پائیدار ترقی کے ایجنڈا 2030 کی حمایت اور ان اہداف کے حصول کی کوششوں کے لیے ہم اپنی قوم کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی بنی نوع انسان کی بقا کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان سب سے کم ترین کاربن کا اخراج کرتا ہے اور ہم ماحولیاتی خطرات کا سامنا کر رہے ہیں جو ہم نے پیدا نہیں کیے۔


متعلقہ خبریں