امریکہ کو اڈے دیکر حکومت نے ملکی خودمختاری کو داؤ پر لگا دیا، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے امریکہ کو پاکستانی اڈے دینے کے معاملے پر کہا کہ میں پاکستان میں امریکہ کو اڈے دینے کی حامی نہیں ہوں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے ڈیل کرلی ہے، اس حکومت نے ملکی خودمختاری کو داؤ پر لگا دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پارلیمنٹ کو بتایا جائے کہ حکومت نے کیا سودا کیا ہے؟ حکومت نے امریکہ کو اڈے  نہ دینے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی  تاہم عالمی میڈیا سے پتہ چل رہا ہے کہ حکومت امریکہ کو فضائی اڈے دے چکی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی مشیر برائے قومی سلامتی جیک سولیوان  نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کیا طے ہوا ہے، اسے خفیہ رکھا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کےساتھ فوجی،انٹیلی جنس اور سفارتی سطح پرمثبت مذاکرات ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں امریکہ کی خطے میں فوجی صلاحیتوں کےبارے میں بات ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: ہمسایہ ممالک امریکہ کو فوجی اڈے فراہم نہیں کریں گے، افغان طالبان

انہوں نے کہا کہ تھا کہ مذاکرات کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ القائدہ، طالبان افغانستان کی سرزمین کو امریکہ پرحملوں کے لیےدوبارہ کبھی استعمال نہ کرسکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں افغانستان سے دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے دیگر ممالک سے بھی بات چیت ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں