جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کو پی ٹی آئی میں ضم کر دیا گیا

جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کو پی ٹی آئی میں ضم کر دیا گیا

اسلام آباد: ایک ماہ قبل ن لیگ سے الگ ہونے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پر مشتمل جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کو تحریک انصاف میں ضم کر دیا گیا۔

بدھ کے روز جنوبی پنجاب صوبہ محاذ اور تحریک انصاف سربراہ عمران خان نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

نیوز کانفرنس شروع کرنے سے قبل عمران خان نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماؤں کو پی ٹی آئی جھنڈے کے رنگوں سے مزین مفلر پہنائے۔

تحریک انصاف کا حصہ بننے والے رہنما خسرو بختیار نے تصدیق کی کہ دونوں جماعتوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اختیارات میں توازن قائم کرنا ضروری ہے۔

ساڑھے چار برس سے زائد عرصہ رکن قومی اسمبلی رہنے والے خسرو بختیار نے اپنی سابقہ جماعت کے دور میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرنے کا شکوہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ گزرنے کے باوجود نشتر گھاٹ کا پل مکمل نہیں ہو سکا۔

عمران خان کی موجودگی میں ذرائع ابلاغ نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خسروبختیار نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ ایک صوبہ قائم کیا جائے گا، جو صورتحال کو متوازن بنانے کے کام آئے گا۔

نیوز کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جس سے بھی پوچھا سبھی نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کے کردار کی تعریف کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی سیاسی جماعتوں نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے متعلق وعدے کیے ہیں، تحریک انصاف اس معاملے کو آگے لے کر چلے گی۔

دونوں جماعتوں کے مابین طے پانے والے معاہدے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف جلسے میں عمران خان کے اعلان کردہ نکات میں سے ایک جنوبی پنجاب صوبہ کے متعلق ہے یہی اتحاد کی بنیاد بنا ہے۔

اپنی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے پر یقین رکھتے اور پاکستان کی عوام کو ایک قوم بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف خلائی مخلوق کی بات اپنے تجربے کی بنیاد پر کررہے ہیں۔ خلائی مخلوق کا پتا چلانا ہے تو اصغر خان کیس کھول دیں اس سے یہ بھی پتا چل جائے گا کہ لاڈلا کون ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اتخابات وقت پر ہونے چاہیں پی ٹی آئی اس کے لیے تیار ہے۔ خیبرپختونخوا میں مولانا سمیع الحق کے ساتھ اتحاد ہے، کسی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔

 


متعلقہ خبریں