لاہور قلندرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 15 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 144 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

لاہور قلندرز کو اننگز کے آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے۔ قلندرز کے بلے باز راشد خان نے دباو میں آئے بغیر بہترین بلے بازی کی اور ٹیم کو میچ میں فتح دلا دی۔

لاہورقلندرز کے سہیل اختر 40 اور محمد حفیظ نے 27 رنز بنائے۔اس جیت کے ساتھ لاہور قلندرز پوائنٹ ٹیبل پر سرفہرست آ گئی ہے۔

بہترین کارکردگی پر لاہور قلندرز کے راشد خان مین آف دی میچ قرار پائے ہیں۔

اس سے پہلے لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور عثمان خواجہ نے کیا۔

پی ایس ایل 6: عماد وسیم نے پلے آف تک رسائی کو ہدف بنا لیا

یونائیٹڈ کا پہلا نقصان اننگز کے دوسرے اوور میں ہوا جب کولن منرو فولکنر کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کے گیند بازوں کی نپی تلی گیندبازی کی وجہ سے اسلام آباد کو کوئی بھی بلے باز لمبی باری نہیں لے سکا اور یکے بعد دیگرے ٹیم کی وکٹیں گرتی چلی گئیں۔

اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف 28 اور عثمان خواجہ 18 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ قلندرز کی جانب سے جیمز فولکنر نے تین، احمد دانیال اور حارث روف نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں عثمان خواجہ، کولن منرو، افتخار احمد، شاداب خان، حسین طلعت، روحیل نذیر، آصف علی، فہیم اشرف، حسن علی، محمد وسیم اور فواد احمد پر مشتمل تھی۔

لاہور قلندرز کی ٹیم میں فخر زمان، سہیل اختر، محمد فیضان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فولکنر، راشد خان، شاہین شاہ، احمد دانیال، اور حارث روف کو کھیلا گیا۔


متعلقہ خبریں