خورشید شاہ کے صاحبزادے سید فرخ شاہ کو نیب نے حراست میں لے لیا

خورشید شاہ کے صاحبزادے سید فرخ شاہ کو نیب نے حراست میں لے لیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے اسیر رہنما سید خورشید شاہ کے خلاف دائر آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے ریفرنس میں نامزد ان کے صاحبزادے رکن صوبائی اسیمبلی سید فرخ شاہ کو نیب سکھر نے حراست میں لے لیا۔

فرخ شاہ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر سکھر کی سیشن کورٹ میں  سرینڈر کیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ پر دائر ریفرنس میں فرخ شاہ بھی نامزد ہیں۔ فرخ شاہ نے ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تاہم سپریم کورٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں نیب کے آگے سرینڈر کرنے کا حکم دیا جس پر فرخ شاہ نے ہفتے کے روز ڈسٹرک اینڈ سیشن کورٹ میں تھرڈ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں سرینڈر کیا۔

مزید پڑھیں: خورشید شاہ نے درخواست ضمانت واپس لے لی

عدالت نے نیب حکام سے وضاحت طلب کی جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ فرخ شاہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نامزد اور ان کے اکاونٹس سے کروڑوں روپے کی غیر قانونی ٹرانزیکشنس ملی ہیں جن کی تفتیش کے لیے فرخ شاہ کو 15 روزہ ریمانڈ پر حوالے کیا جائے.

تاہم عدالت نے 15 روز کے بجائے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر فرخ شاہ کو نیب کے حوالے کردیا۔

عدالت سے واپسی پر پیپلز پارٹی کے جیالوں نے سخت مزاحمت کی اور نیب حکام کی گاڑیوں کو روک دیا۔ تاہم پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے جیالوں کو منتشر کردیا۔

رکن صوبائی اسمبلی فرخ شاہ کو پیر کے روز احتساب عدالت سکھر میں پیش کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں