بلاول کا مہنگائی کے حساب سے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی تاریخی سطح پر ہے، مہنگائی کی شرح افغانستان سے بھی زیادہ ہے، حکومت کو عوام کا احساس نہیں ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں تاریخی بےر وزگاری ہے، خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ غربت میں اضافہ ہوا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ فگرز چھپانے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسی ہمیشہ عوام دوست رہی ہے۔ پیپلزپارٹی نے تنخواہوں اور پنشنز میں اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اکنامک سروے میں مہنگائی اور بے روزگاری کا ذکر تک نہیں ہے۔ حکومت کو تنخواہوں میں انتا اضافہ کرنا چاہیے جتنا مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ مہنگائی تاریخی سطح پر ہے اور وفاقی حکومت کو عوام کی فکر ہی نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے عوام دشمن ایجنڈا واضح کر دیا، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا کہ کل عوام دشمن بجٹ پیش ہوا، وفاق نے عوام پر حملہ کیا۔ موجودہ حکومت میں جتنی بے روزگاری ہوئی اتنی ماضی میں کبھی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر صرف ایک جماعت کے نوکر تو نہیں ہیں۔ ہمارے امیدواروں کو ہی ووٹرز لسٹوں سے ہٹا دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار آزاد کشمیر کے الیکشن جیتیں گے بھی اور حکومت بھی بنائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو ڈرا دھمکا کر خاموش کرا دیں گے۔ آج خورشید شاہ کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے کارکن کا بیٹا گرفتار ہوا تو آپ کا بھی بیٹا گرفتار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بزرگوں کو گرفتار کرنے والوں کے بزرگوں کو گرفتار کریں گے۔ نیب کیسز سے حکومت ہماری زبان بندی نہیں کرسکتی۔ اس نااہل حکومت کو نکالیں گے، پیپلزپارٹی کی حکومت آئے گی۔ پیپلزپارٹی کی حکومت آئے گی اور آپ کا احتساب کرے گی۔


متعلقہ خبریں