فواد چودھری نے مراد علی شاہ کو ربڑاسٹمپ وزیراعلیٰ قرار دے دیا


کراچی: وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کراچی میں بیٹھ کر مراد علی شاہ کو ربڑاسٹمپ وزیراعلیٰ قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی فیصلے وزیراعلیٰ نہیں، بلاول اور زرداری ہاؤس سے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے حصے کا اربوں روپیہ کہاں خرچ ہو رہا ہے؟ یہ پیسہ سندھ میں نہیں دبئی میں لگاتے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ لوگ مطالبہ کرتے ہیں سندھ میں گورنر راج لگا دیں تاہم آئین میں اس کی کوئی گنجائش نہیں، آرٹیکل ایک سو چالیس اے کے نفاذ سے سندھ کو اس کا حق مل سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کا پانی بلاول، مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ کے ارکان چوری کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے حکومت سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ قوم پرست سیاست کر رہے ہیں اور وہ خود کو بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی سیاست سے الگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کو 3 سال میں ایک ہزار 600 سے ایک ہزار 800 ارب روپے دیے گئے اور اس بجٹ میں بھی سندھ کا حصہ بڑھایا گیا ہے۔ سندھ کے پاس اتنا پیسہ آیا لیکن وہ گیا کہاں ؟

فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ حکومت اتنا پیسہ ملنے کے باوجود اب تک پولیس محکمہ کو ٹھیک نہ کر سکی اور کراچی پولیس میں اتنی اہلیت نہیں کہ امن بحال کرے۔ سندھ حکومت ہر سال وفاق کی منت کرتی ہے کہ رینجرز کو صوبے میں رہنے دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بدین، گھوٹکی اور دیگر علاقوں کے نام پر پیسہ لیا جاتا ہے لیکن وہاں کام نہیں ہوتا۔ گزشتہ چند سال میں لاڑکانہ پر 90 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں لیکن کام نظر نہیں آرہا۔

یہ بھی پڑھیں: صاف اور شفاف احتساب پر یقین رکھتے ہیں، وزیر خارجہ

فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ایک خوبی ہے کہ ہر چیز کو پڑھے بغیر مسترد کرنا ہے اور انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کو بھی مسترد کیا۔ احسن اقبال نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے مسائل کا ادراک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، اسحاق ڈار اور ان کے بیٹے بھی تو باہر ہیں ان کے بارے میں کیا خیال ہے۔ اوورسیز پاکستانی ملک سے پیسہ نہیں لے کر جاتے بلکہ باہر سے بھیجتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق جو ریمارکس دیے گئے اس کی مذمت کرتا ہوں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو اگلے الیکشن میں ناکامی نظر آرہی ہے اس لیے اصلاحات نہیں چاہتی۔ فواد چوہدری نے احسن اقبال، مریم اورنگزیب، سعدرفیق اور دیگر کو خطاطی سیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ قلم دوات لے کر خود ہی لکھیں کہ حکومت نامنظور۔ ان کے بینرز کا خرچہ بچے گا۔


متعلقہ خبریں