ثنا چیمہ کے والد اور بھائی گرفتار، میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیا


گجرات: پولیس نے گجرات میں قتل کی جانے والی پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی  ثنا چیمہ کے والد اور بھائی کو گرفتاری کے بعد میڈیا کے سامنے پیش کردیا ہے۔

گجرات کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ( ڈی پی او) کے مطابق ثنا چیمہ کے والد نے بیٹے اور بیوی کی مدد سے اس کا گلا دبایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کے والد اور بھائی سے مزید تفتیش کی جائے گی، کل ملزموں کو ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ثنا چیمہ نے 19 اپریل کواٹلی واپس جانا تھا لیکن ایک دن پہلے ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔ اسی دوران اٹلی کے ذرائع ابلاغ میں خبریں شائع ہوئیں جن میں اس کی موت پرغیرت کے نام پر قتل کا شبہ ظاہر کیا گیا۔ ان خبروں کے بعد مقامی پولیس نے شبہے کی بنا  پرثنا کے والد غلام مصطفٰی، اس کے بھائی اور چچا کو شاملِ تفتیش کر لیا۔

اس کی موت کے تقریباً آٹھ روزبعد پوسٹ مارٹم کے لیے قبر کشائی کی گئی تاہم ڈاکٹروں کے مطابق لاش اس قدر خراب ہو چکی تھی کہ محض پوسٹ مارٹم سے کوئی اندازہ قائم کرنا ممکن نہیں تھا چنانچہ لاش کے نمونے پنجاب فرانزک لیبارٹری لاہور بھیجے گئے۔

لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد عزیزبھٹی شہید اسپتال گجرات کے ڈاکٹرز نے حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کی جس کے مطابق ثنا کو گلا گھونٹ کر موت کے گھاٹ اتارا گیا۔


متعلقہ خبریں