سندھ: 1477 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش


وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 1477 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کر دیا ہے۔

سندھ اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا ۔ شور شرابے کے باعث کان پڑی آواز سنائی نہ دی ۔

ایوان اپوزیشن ارکان کے نعروں اور سیٹیوں سے گونجتا رہا ۔ اپوزیشن نے صوبائی حکومت اور وزیر اعلی کے خلاف شدید نعرے لگائے ۔

ارکان نے وزیر اعلی کی نشست کا گھیراو کیا اور ان کے قریب آنے کی کوشش بھی کی ۔ حکومتی ارکان نے وزیر اعلی کو حصار میں لے لیا۔

بجٹ تقریر میں انہوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے اور مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کیلئے دو سو چالیس ارب روپے ، صحت کیلئے ایک سو بہتر ارب روپے  اور امن و امان کیلئے ایک سو پانچ ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ محکمہ بلدیات کیلئے ایک کھرب انیس ارب سے زائد  اور ٹرانسپورٹ کیلئےچودہ ارب روپے مختص کرنے کی تجویزدی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ خسارے کا تخمینہ 25.738 ارب روپے ہے جب کہ سندھ کی آمدن کا تخمینہ 1452 ارب، 16کروڑ 80 لاکھ رو پے ہے۔سندھ کی اپنی وصولیاں 329.319ارب روپے متوقع  ہے۔

مراد علی شاہ نے کورونا وبا میں بہترین خدمات انجام دینے پر طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔

فواد چودھری نے مراد علی شاہ کو ربڑاسٹمپ وزیراعلیٰ قرار دے دیا

بجٹ تقریر میں انہوں نے بتایا کہ سندھ کے متواتر اخراجات 1089 ارب 3 کروڑ 72لاکھ روپے ہوں گے جب کہ ترقیاتی اخراجات میں 41.3 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میںفلاحی منصوبوں کیلئے 293 ارب روپے، اے ڈی پی کیلئے 222 ارب 50 کروڑ رکھنے اور ادویات کی خریداری کیلئے 18 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی بحالی کیلئے 1.70 ارب روپے، کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم کیلئے 2 ارب روپے جب کہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کی معاونت کیلئے ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

بجٹ تقریر میں انہوں نے بتایا کہ زراعت سے وابستہ خواتین کیلئے 500 ملین روپے ، اسپیشل چلڈرن فنڈز کیلئے 500 ملین روپے اور اسکولوں کی تزائین و آرائش کیلئے 5.00 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ صوبے میں کالجز کی مرمت اور بحالی کیلئے 425 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انڈس اسپتال کو سالانہ گرانٹ کی مد میں 2.5 ارب روپے جب کہ انڈس اسپتال کی توسیع کیلئے 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی کو دی جانے والی گرانٹ میں 27 فیصد اضافہ کرکے 7.12 ارب روپے کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کیلئے مختص شدہ رقم کو 15 فیصد اضافے کے بعد 7.64 ارب روپے کردیا گیا ہے، ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کی اے ڈی پی میں آئندہ مالی سال کیلئے 8.2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں